اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے بدھ کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام محبت، امن اور رواداری کا دین ہے۔ اسلام کی اصل تعلیمات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے سفاکانہ واقعے کے بعد او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں چھ نکات پر مشتمل مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں چار نکات پاکستان کے تجویز کردہ تھے۔قاری حنیف جالندھری نے او آئی سی کے اجلاس میں عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کو موثر انداز میں اجاگر کرنے اور بین الاقوامی دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔