وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کوسوو کے سفیر کی ملاقات‘پاکستان، کوسوو کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے‘شاہ محمود قریشی

59

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، کوسوو کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے‘پاکستان، کوسوو میں امن و استحکام کیلئے اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات کوسوو کے سفیر ایلیر ڈیگولی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، کوسوو کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان کی جانب سے کوسوو کو تسلیم کرنے اور سفارتی تعلقات کا قیام اس امر کا واضح ثبوت ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قوم، کوسوو کی جانب سےجدوجہد آزادی میں دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے،پاکستان، کوسوو میں امن و استحکام کیلئے اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، خطے میں امن و امان کے قیام اور نہتے مظلوم کشمیریوں کو ان کے جائز حق، حق خودارادیت تک رسائی کیلئے بین الاقوامی برادری کی مسلسل توجہ مبذول کرا رہا ہے۔پاکستان، تنازعات کے پر امن حل کا حامی ہے تاکہ خطے میں معاشی استحکام قائم ہو سکے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کوسوو کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے مسودے زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں کوسوو کے موثر کاروباری حضرات کیلئے سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید وسعت ملے گی ۔کوسوو کے سفیر ایلیر ڈیگولی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور کوسوو کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔