وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب کو کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم کے شواہد پرمشتمل ایک ڈوزیئر پیش کر دیا

132

لندن ۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی برطانوی ہم منصب لِز ٹراس کومقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے تین ہزار سے زائد جنگی جرائم کے ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد پرمشتمل ایک ڈوزیئر پیش کیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یہ دستاویز آج (منگل کو) لندن میں ایک اجلاس کے دوران برطانوی وزیرخارجہ کے حوالے کی۔شاہ محمود قریشی نے اپنی برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ برطانیہ بے گناہ کشمیریوں کو بھارتی جبر سے آزاد کرانے اور ان کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے گا۔