اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو چاڈ کے اپنے ہم منصب محمد زین شریف کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چاڈ کے درمیان دو طرفہ سیاسی ، سفارتی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چاڈ کے مابین باہمی اعتماد پر مبنی مشترکہ تاریخ اور شراکت داری کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات استوار ہیں۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ،افریقی یونین اور او آئی سی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر چاڈ کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی اور چاڈ ہم منصب کو حکومت کی ‘اینگیج افریقہ’ پالیسی کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں اب تک اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات سے مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے "انگیج افریقہ پالیسی” کے تحت نیروبی اور ابوجا میں بالترتیب جنوری 2020 اور نومبر 2021 میں دو علاقائی تجارتی کانفرنسوں کا کامیاب انعقاد کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چاڈ کے درمیان دو طرفہ سیاسی، سفارتی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے اور اپنی متعلقہ وزارتوں کے درمیان مسلسل روابط کے ذریعے دو طرفہ میکانزم قائم کرنے اور چاڈ کے نوجوان سفارت کاروں کو فارن سروس اکیڈمی، اسلام آباد میں تربیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔