اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے براعظم افریقہ کے ساتھ قریبی تجارتی، کمرشل اور سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانے کے حکومتی وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں تیزی سے اضافہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں افریقی گروپ کے ہائی کمشنرز اور سفیروں کے مشترکہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقہ، تیونس، کینیا، الجیریا، صومالیہ، سوڈان، مراکش، ماریشیس، نائیجیریا، مصر اور لیبیا کے سفیروں اور ہائی کمشنرز نے وزیر خارجہ کے ساتھ طویل اور تفصیلی بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر شکرایہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ کا اہم ملک ہے جبکہ پاکستان اور افریقی ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی عزت و احترام کی بنیادوں پر استوار ہیں۔ سفیروں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں تیزی سے اضافہ کیلئے اعلیٰ سطح اور کاروباری وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔