اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اب وہاں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،ہم امن چاہتے ہیں لیکن مشرق میں ہمیں توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ایٹمی ملک بھارت کی شر انگیزیوں کا سامنا ہے، علاقائی سلامتی کے درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان کثیر الجہتی طرزِ فکر پر عمل پیرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو جینوا میں بین الاقوامی شہرت کے حامل تھنک ٹینک جنیوا سینٹر فار سیکورٹی پالیسی میں” ہماری خارجہ پالیسی اور علاقائی سلامتی کی جہتیں” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ہماری منفرد جغرافیائی حیثیت کا بہت عمل دخل ہے، اگرچہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن مشرق میں ہمیں توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ایٹمی ملک بھارت کی شر انگیزیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جبرآً مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا اور اب وہاں آبادیاتی تناسب کو بھی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔