وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض کا جواب

69
پورا یقین ہے کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ دینے کا وعدہ پورا کریں گی، پی ٹی آئی وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آٹا اور چینی بحران کی تحقیقات سے ایوان کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آٹا اور چینی بحران کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حتمی رپورٹ جلد سامنے آئے گی‘ یہ عوامی اہمیت کا مسئلہ ہے۔ ایوان کو حقائق سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ نکتہ اعتراض پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہندوستان بالخصوص کشمیر کی صورتحال پر فوری بحث ہونی چاہیے۔ چینی اور آٹا بحران پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ اس معاملے کی اداروں کی بجائے پارلیمنٹ کو خود تحقیقات کرنی چاہیے۔ عوامی مسائل کو حل کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ کے آفیسر مینجمنٹ گروپ کے ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف اپوزیشن لیڈر بننا چاہتے ہیں لیکن وہ اپوزیشن لیڈر نہیں ہیں۔ شہباز شریف کا بڑا احترام ہے ‘ بتایا جائے کہ وہ کب واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحافی عزیز میمن کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ سندھ پولیس نے تفتیش کئے بغیر ان کی موت طبعی قرار دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات سے پہلے آفیسرز مینجمنٹ گروپ سے مشاورت کی گئی تاہم ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وزراءکوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کی بات نہیں کی‘ سابق حکومت نے کابینہ کے چند اجلاس بلائے۔ اس وقت کابینہ کا وجود ہی نہیں تھا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس ہفتے ملک میں 121 جعلی خبریں آئیں۔ ایوان میں جھوٹ بولنے والے کی سزا کیا ہے۔ جھوٹ بولنے والوں کو وزیراعظم کا بیان ثابت کرنا ہوگا ورنہ وہ ایوان سے معافی مانگیں۔