اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان اور روس نے دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو روس کے اپنے ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اوروقت کے ساتھ ساتھ ان دو طرفہ تعلقات میں وسعت انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ ءپاکستان سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر دونوں ممالک کے مابین ضمنی معاہدے پر دستخط، انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے اس منصوبے کے جلد آغاز کے متمنی ہیں اور ہم روس کی طرف سے پاکستان سے چاول کی امپورٹ پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے پاکستان کی معاونت پر روسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں روسی کرونا ویکسین "سپوتنک” کی 5 ملین ڈوز کی جلد فراہمی کیلئے یاددہانی کروائی۔