اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کو نکورنو کاراباخ کی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان کے عوام اس بات سے آگاہ ہیں کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ ان کے موقف کی حمایت کی ہے، ہم آذربائیجان کا ہر عالمی فورم پر کشمیر کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم آذربائیجان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، آذربائیجان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے، ہم آج ان کی فتح کا دن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اس بات سے آگاہ ہیں کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ ان کے موقف کی حمایت کی ہے، ہم آذربائیجان کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے آذربائیجان کی طرف سے پاکستان اور کشمیر کے حوالے سے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔