اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو اسلام آباد میں مقیم او آئی سی رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی اور نائیجر کے دارالحکومت نیامے میں 47 ویں وزرا خارجہ کونسل اجلاس کے دوران مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر تنازعہ پر ایک متفقہ اور جامع قرارداد کی منظوری اعلامیے میں او آئی سی کے اصولی موقف کا واضح اعادہ ہے، اور جموں کے لئے سکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے دورے پر مبنی رپورٹ پیش کرنا،اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ او آئی سی اور مسلم امہ کے لئے جموں و کشمیر تنازعہ کتنی اہمیت کا حامل ہے ۔وزیر خارجہ نے او آئی سی ممالک کو پاکستان کے لئے اہمیت کی حامل دیگر قراردادوں کو منظور کرانے میں ان کی حمایت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا ، جن او آئی سی سے باہر ریاستوں میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور بابری مسجد کی شہادت اور اسلامی مقدس مقامات کا تحفظ شامل ہیں۔وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے سے متعلق پاکستان کےی پیش کردہ قرار داد منظور کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان 2021 میں سی ایف ایم کے 48 ویں اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے۔