اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہیومن رائٹس کمشنر کے بیان کوحوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاﺅن اور پابندیوں پر بات ہوئی، کرفیو ہٹانے کا کہا گیا‘ ذرائع مواصلات پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا کہا گیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو بنیادی انسانی حقوق سلب کئے گئے ہیں ان کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو کہ انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔وہ پیر کو جنیوا سوئٹزرلینڈ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کا آغاز ہوا ہے‘ہم عرصہ دراز سے جو کہتے آئے ہیں آج ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کے آغاز میں اس کا اظہار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو یوم میں ہمیں ہیومن رائٹس کونسل ، انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور این جی او ز کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کا نکتہءنظر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا‘آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و بربریت آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہی ہے۔