جنیوا ۔ 11 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ہمیشہ ساتھ دیا، ہم جلد ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ۔بدھ کو جینوا میں ترک، پاکستانی و بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سے متعلق کہا کہ جب ایک متنازعہ علاقے کا جبراً آبادیاتی تناسب تبدیل کیا جاتا ہے تو اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کیجاتی ہے۔ ہم اس صورتحال کو نسل کشی سے تعبیر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل پچاس سے زائد ممالک نے مشترکہ اعلامیہ میں سپورٹ کیا جس کی تفصیل ہمارا سفارت خانہ جلد جاری کرے گا۔پاک ترک تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ہمیشہ ساتھ دیا جس کا ایک مظاہرہ ہم نے کل او آئی سی میں بھی دیکھا جب مشترکہ اسٹیٹمنٹ کے وقت ترکی کے سفیر، او آئی سی کی مشترکہ اعلامیہ پر بات کرنے میں سب سے آگے آگے تھے۔ہم جلد ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں جس میں ہم ترکی اور پاکستان کے مابین دو طرفہ جامع اقتصادی تعاون پر بات چیت کریں گے۔افغانستان سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم افغان امن عمل کی حمایت کرتے ہیں اور ہم نے اس میں مصالحانہ کردار ادا کیا ہے ہمارا پیغام یہی ہے کہ شدت پسندی کو ترق کر کے امن کو ایک موقع دیا جائے۔