وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ

78

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سی پیک کو مستحکم کرنے اور اسے ترقی کی بلند ترین سطح تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے، سی پیک سٹریٹجک قومی منصوبہ ہے جسے تمام صوبوں اور سیاسی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، اقتصادی سفارتکاری دفتر خارجہ کی اولین ترجیح ہے۔ بدھ کو سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک ایک سٹریٹجک قومی منصوبہ ہے اور اسے ترقی کی بلند ترین سطح تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کمیٹی کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور چین، سی پیک، افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات اور انٹرنیشنل این جی اوز کے معاملہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دفتر خارجہ کے حکام کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔ کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سیّد نے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری دفتر خارجہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔