وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

89

اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں بلکہ موجودہ حکومت نے ماضی میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کیا ہے، پاکستان مسلم دنیا کے چند ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کوالالمپور سمٹ او آئی سی کے خلاف یا اس کے متوازی پلیٹ فارم کے طور پر بنایا گیا کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے اتحاد کے خاتمے کی خواہش رکھنے والے عناصر اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوالالمپور سمٹ پہلی بار منعقد نہیں کیا گیا، مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے ذاتی اقدامات کے طور پر اس طرح کے چار سیشنز منعقد کئے تھے۔ اب جبکہ انہوں نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا اور وہ اسے ایک رسمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت کیلئے رسمی دعوت دینے کیلئے اپنے وزیر خارجہ کو سعودی عرب بھیجا تھا کیونکہ وہ سعودی عرب کو مسلم دنیا کا ایک اہم رکن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کوالالمپور سمٹ او آئی سی کے متوازی تنظیم کے طور پر نہیں بنائی جا رہی یہاں تک کہ وہ اس معاملے کی وضاحت کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسطرح کے خیالات اور مفروضے وہ عناصر پیدا کر رہے ہیں جو مسلم دنیا کے اتحاد سے خائف ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کا دورہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کسی قسم کی غلط فہمی نہیں بلکہ موجودہ حکومت نے ماضی میں پیدا کی گئی غلط فہمیوں کو دور کیا۔