اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی- ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ وہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ دن کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مارچ کی تاریخ کا جائزہ لینے کی تجویز دی ہے کیونکہ یہ دن کشمیر سے منسوب ہے اور اس میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر کو وادی پر قبضہ کیا تھا‘ اسی تاریخ پر مولانا اسلام آباد کی طرف مارچ کر رہے ہیں جس سے کشمیر کاز اور پاکستان کو نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو درالحکومت کی طرف مارچ کی تاریخ کا جائزہ لینا چاہیئے۔