اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائیجر میں ہونے والے او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر چاڈ کے اپنے ہم منصب امین اباصدیق سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء برائے خارجہ میں جمعرات کو ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون زیر بحث لایا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ،چاڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جو مشترکہ عقیدے ، نظریات اور نقطہ نظر کے بنیادوں پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین گہری تاریخی روابط ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ چاڈین بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کی ہے۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے باقاعدہ اعلی سطح پر دو طرفہ تبادلوں ، وزارت خارجہ کے مابین مشاورت کے طریقہ کار ، اور سیکیورٹی اور سی ٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیر خارجہ نے چاڈ کے اپنے ہم منصب کو 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہر کے معاملے پر بھی روشنی ڈالی۔ چاڈ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انکا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے افریقہ کے ساتھ پاکستان کے بڑھتی ہوئے روابط کا خیرمقدم کیا اور تجارت ، سرمایہ کاری ، صنعت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔