برسلز۔21مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برسلز میں نیوکلیئر انرجی سمٹ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) رافیل ماریانو گروسی سے جمعرات کو ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کو بڑھانے اور پہلی جوہری توانائی سمٹ کے انعقاد کے لئے آئی اے ای اے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان ایجنسی کے کام کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے جوہری توانائی کی اہمیت اور توانائی مکس میں جوہری توانائی کا حصہ بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے ایجنسی کے تکنیکی تعاون کے کام کی اہمیت کا بھی ذکر کیا جس میں پاکستان بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بینکوں کو ترقی پذیر ممالک میں جوہری توانائی کے منصوبوں کی حمایت کرنی چاہئے تاکہ وہ اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرسکیں اور زیرو اخراج کے اہداف حاصل کرسکیں۔ انہوں نے آئی اے ای اے پر زور دیا کہ وہ ایک صاف ذریعہ کے طور پر جوہری توانائی کی اہمیت کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنے میں اپنا کردار جاری رکھے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے ایجنسی کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشیا میں پاکستان ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تجربہ اور مہارت کا تبادلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ جوہری منصوبوں کی مالی اعانت ایک مسئلہ ہے اور وہ جلد ہی اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے گزشتہ سال اپنے دورہ پاکستان کو یاد کیا، جب انہیں پاکستان کی تنصیبات کا دورہ کرنے اور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے میدان میں پاکستان کی ترقی کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔