اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو ترکمانستان کے اپنے ہم منصب راشد میردوف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا،دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے اور اقتصادی فریم ورک کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی فریم ورک کو مزید فعال بنانے اور پاکستان ترکمانستان مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ایم سی) کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقتصادی اہداف کے حصول کیلئے علاقائی روابط کا فروغ ہماری اہم ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان ہوائی، ریل اور زمینی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے عوامی سطح پر روابط کا فروغ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او )کی چیرمین شپ اور ای سی او کے پندرھویں سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کو معاشی بحران سے نکالنے اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔