وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کاحضرت بہاﺅالدین زکریاکے عرس کے دوسرے روزکی تقریب سے خطاب

122

ملتان ۔06 اکتوبر(اے پی پی)برصغیر میں ترویج ِ اسلام صوفیاءکی کوششوں کا ثمر ہے ۔ ان کی خانقاہوں نے نفرتوں کو محبتوں اور نفاق کو اتفاق سے بدلا۔ اولیاءاللہ نے معاشرے کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بناےا۔ حضرت بہاءالدین زکریا ؒ اور ان کے مریدین دنیا میں جہاں کہیں گئے ، محبت، بھائی چارے ، امن اور مساوات کی مالا میں لوگوں کو پروتے گئے۔اِن خیالات کا اظہار سجادہ نشین درگاہ ِ عالیہ وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے حضرت بہاءالدین زکریا ملتانی ؒ کے 780 ویں سالانہ عرس کے دوسرے دن کی مرکزی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حضرت بہاءالدین زکریاؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر آج بھی ہم معاشرے سے عدم برداشت، نفرت اور انتہاءپسندی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ غوث العالمین کے ماننے والے آج بھی ان کے افکاراور سوچ کے جھنڈے کے نیچے اکٹھے ہوکرظلم اور ظالم ،دونوں سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش میں بھیگتے ہوئے زائرین جس طرح عقیدت کے ساتھ یہاں جمع ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اِن کے دلوں کو بھی اِسی طرح اپنے انوار سے بھر دے۔ قومی زکریا کانفرنس کی دوسرے نشست کی نقابت کے فرائض ڈاکٹر صدیق قادری نے ادا کئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صدیق خان قادری نے کہا کہ حضرت بہاءالدین زکریا ؒ وہ ہستی ہیں جن کے ہاں جو بھی آتا ہے ، اپنے دامن ِ نیاز کو پھیلا کر آتا ہے۔ آپ ؒ کا فیض چہار عالم پھیلا ہوا ہے اور آپ صرف سلسلہ سہروردیہ کی ہی شان نہیں بلکہ تمام سلاسل آپ کے دم قدم سے روحانی فیوض حاصل کرتے چلے آرہے ہیں اور قیامت تک حاصل کرتے رہیں گے۔