وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج (منگل کو) نیویارک میں مصروف ترین دن گزاریں گے

119

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج( منگل کو) نیویارک میں مصروف ترین دن گزاریں گے۔

وزیر خارجہ آج منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شرکت اور نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز میں "پاک امریکا تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے جسے براہ راست نشر کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ، نیویارک میں منعقدہ” ڈی ایٹ کے وزارتی سطح کے اجلاس "میں شریک ہوں گے اور اظہار خیال کریں گے۔وزیر خارجہ، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے ،ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ، اہم علاقائی و عالمی امور پر مقامی و بین الاقوامی میڈیا کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔