وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کی استنبول میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر ملاقات

90

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور ایران نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے مابین جمعہ کو استنبول میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر خصوصی ملاقات کے دوران پایا گیا۔ ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات اور خطہ کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران سمیت خطہ کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی جنونیت کے خلاف پاکستان، ایران اور ترکی کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ جواد ظریف نے اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی جنونیت کے حوالہ سے او آئی سی ہنگامی اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کی توثیق کی اور اس سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی شعبہ جات میں پاک ایران باہمی تعاون کے فروغ کےلئے دوطرفہ روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جواد ظریف نے ایران کے چار لاپتہ فوجیوں کی بازیابی پر پاکستان کی افواج اور حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔