وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سرکاری دورہ پر چین روانہ ہوگئے

89

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی خصوصی دعوت پر تین روزہ دورہ پر چین روانہ ہوگئے۔وزیر خارجہ چین کے دارلحکومت بیجنگ میں منعقد ہونے والے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس اور ٹرائیکا پلس اجلاس میں شریک ہوں گے ۔

وزیر خارجہ افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے حوالے سے شرکاء کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔اس دورے کے دوران وزیر خارجہ، سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے،

شاہ محمود قریشی کی روس کے وزیر خارجہ، سرگئ لیوروف اور ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔