اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےپولینڈ کے انکے ہم منصب زگنیو راؤ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ،تجارت و سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چار دہائیوں سے جاری جنگ و جدل سے پاکستان شدید متاثر ہوا۔
افغانستان میں امن و استحکام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے اجتناب کیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان کٹھن حالات میں افغانستان کی مالی و انسانی معاونت کو یقینی بنائے۔
پولینڈ کے وزیر خارجہ نے پولینڈ کے شہریوں کے کابل سے انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ پولینڈ کی دعوت دی جبکہ وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے پولینڈ کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔