اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے منگل کو اسلام آباد میں او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد کے لئے اعلیٰ نمائندے میگوئل موراتینوس نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین بین المذاہب مکالمہ کو مضبوط بنانے، اسلامو فوبیا اور اس سے متعلقہ عدم برداشت کے رحجان سے نمٹنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ نفرت انگیز بیانیہ، امتیازی سلوک اور مسلمانوں کے خلاف تشدد پاکستان کے پڑوس سمیت دنیا کے کئی حصوں میں پھیل رہا ہے، اسلامی مشاہیر اور مقدس مقامات کی جان بوجھ کر توہین، امتیازی قوانین اور پالیسیاں، حجاب پر پابندی، مساجد پر حملے، انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے جانب سے ملک بدر کرنے کے اعلانات جیسے متشدد رویے باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ”نسل کشی”، مسلم مخالف تعصب اور مسلم خواتین کی عزت پر حملے جیسے ناہموار سماجی رویوں کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے عالمی دن کے طور پر نامزد کرنے کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد کے لئے اعلیٰ نمائندے میگوئل موراتینوس نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ یو این اے او سی کو 2005ء میں تشکیل دیا گیا، اس کے بنیادی مقاصد میں تمام ثقافتوں، روایات اور مذہبی عقائد کے لئے باہمی احترام کی ترویج کے لئے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا شامل ہے۔