اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر امریکہ کی انڈر سیکرٹری عذرا ضیا نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کو درپیش سیاسی سماجی و اقتصادی چیلنجز کے پس منظر میں یہ اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکی وفد کی شرکت سے متحدہ ریاستوں اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع البنیاد تعلقات، خطے میں امن، ترقی اور سلامتی کو فروغ دینے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے ان اعلیٰ سطحی تبادلوں کے تسلسل اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ٹھوس اقدام اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے انڈر سیکرٹری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کا تسلسل عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کے جرائم کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
وزیر خارجہ نے امریکی انڈر سیکرٹری کو بھارت سے پاکستان کی سرزمین میں فائر کئے گئے مبینہ ”حادثاتی” فائر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعاون مثبت نتائج کیلئے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں کو افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔