وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد خان کی ملاقات

234
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد خان کی ملاقات
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد خان کی ملاقات

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد خان نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب ہونے پر لارڈ واجد خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد برطانیہ میں مقیم ہے جو مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

لارڈ واجد خان نے کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باعث برطانیہ اور یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی ممالک کے مابین دو طرفہ سیاسی، تجارتی و کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے برطانیہ سمیت عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ناگزیر ہے۔

لارڈ واجد خان نے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔