اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما فردوس شمیم نقوی کی سربراہی میں تحریک انصاف کے سندھ سے اراکین اسمبلی کے وفد نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ کے تنظیمی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے اراکین سندھ اسمبلی کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ اراکین اسمبلی نے وزیر خارجہ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں مشکل حالات کے باوجود آپ جس طرح مو¿ثر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے یوم استحصال کو بھرپور انداز میں منانے اور بہترین خارجہ پالیسی کو بروئے کار لاتے ہوئے مودی سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ شمیم نقوی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو پاکستان کا سیاسی نقشہ جاری کیا انشاءاﷲ بہت جلد وہی حقیقی نقشہ بنے گا۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ ممبران صوبائی اسمبلی سندھ سدرہ عمران، بلال غفار، عمران شاہ اور سنجے گنجوانی شامل تھے۔