وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

53

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی ڈاکٹر ملت بن مجید القہطانی نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص افغان امن عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ قریشی نے امریکہ طالبان مذاکرات کے میزبان کی حیثیت سے قطر کی مثبت اور تعمیری کوششوں کو سراہا جس کے نتیجہ میں امن معاہدہ اور بین الا افغان مذاکرات ممکن ہوئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور قطر دونوں نے افغان امن عمل میں بھر پور سہولت کاری فراہم کی ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مذاکرات کے حل پر پختہ یقین رکھتا ہے کیونکہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے ، وزیر خارجہ نے امن عمل کو خراب کرنے والوں کے کردار سے چوکس رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لئے اجتماعی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔وزیر خارجہ نے انٹرا افغان مذاکرات کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جو افغانستان اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لئے ایک تاریخی موقع فراہم کرتے ہیں۔