وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیدرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

49
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیدرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیدرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے بطورِ سفیر نیدرلینڈ نامزدگی پر سلجوق تارڑ کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے جب پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،آپ کی بطورِ سفیر تقرری آپ کی کارکردگی اور اہلیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی نیدرلینڈ میں بطور سفیر تقرری سے، پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی و کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات ،مزید مستحکم ہوں گے۔

نیدرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی کروائی۔

نیدرلینڈ کیلئے نامزد سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنی حال ہی میں منظر عام پر آنے والی کتاب All That Art وزیر خارجہ کو پیش کی۔