وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم کی ملاقات

103

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے جمعرات کو دبئی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال ہوا۔اماراتی سفیر نے متحدہ عرب امارات آمد پر وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ خصوصی محبت کا اظہار کیا ہے۔پاکستان میں ہسپتالوں کے قیام اور دیگر ترقیاتی کاموں میں معاونت پرمتحدہ عرب امارات کے شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں ہمارے تاریخی ، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے مزید مستحکم بنایا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستان ميں تعینات اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔دوبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی بھی اس موقع پر موجود تھے