اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا سرکار نے اپنی غلط پالیسیوں کے سبب سیکولر بھارت کا تشخص خاک میں ملا دیا ہے۔یہ بات انہوں نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہر یار آفریدی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ ڈرامہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے،بھارت میں موجود اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ہم نے ڈوزئیر کے ذریعے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ٹھوس شواہد پوری دنیا کے سامنے رکھے ہیں،آج یورپی پارلیمنٹ، برطانوی پارلیمنٹ سمیت اہم بین الاقوامی فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ کو ساری صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہر یار آفریدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 80 لاکھ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف موثر آواز اٹھانے اور ہندوستان کی جارحیت کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔