اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے اومانی ہم منصب یوسف بن علوی سے ملاقات کی۔ بدھ کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور اومان کے وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم پاکستان کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کی پالیسی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لئے سینٹ فرینڈ شپ گروپ کو فعال بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے اومانی ہم منصب کو دورہ ءپاکستان کی دعوت دی۔