اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے، فریقین کے مابین اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے دورہ پاکستان کی پریس ریلیز جاری کی، جس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اپنے وفد کے ہمراہ جمعہ کو وزارتِ خارجہ آئے۔ وزارتِ خارجہ آمد پر ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں ایران اور پاکستان کے مابین وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت جواد ظریف نے کی۔ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تجارت کے فروغ،عوامی سطح پر روابط میں اضافے، پاک ایران بارڈر پر نئی گذرگاہوں اور ،نئی بارڈر مارکیٹس کے قیام ، پاک ایران سرحد پر سیکورٹی بڑھانے اور افغان امن عمل سے متعلق خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محاذ آرائی کسی فریق کے مفاد میں نہیں ، پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے، تمام فریقین کی جانب سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ”مشترکہ جامع ایکشن پلان“ ایک مصالحاتی معاہدے کی عمدہ مثال ہے اور پاکستان اسکی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے، فریقین کے مابین اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔