وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ برسلز کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے

120
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ برسلز کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،بیلجیم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولیمز کی دعوت پر پیر کو وفد کے ہمراہ برسلز کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔

برسلز میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ اور نائب صدر جوزف بوریل کے ہمراہ، چھٹے "پاکستان-ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ” کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ جون 2019 میں، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط ہوئے ،اس تاریخی "اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان” پر دستخط ہونے کے بعد یہ "اسٹریٹجک ڈائیلاگ” کا پہلا بالمشافہ اجلاس ہوگا۔

وزیر خارجہ، نیٹو ہیڈکوارٹر جائیں گے اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل "جینز اسٹولٹن برگ” سے بھی ملاقات اور بیلجیم کی پارلیمنٹ سے تعلق رکھنے والے، یورپی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ خیال کریں گے۔

بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات اور خطاب بھی وزیر خارجہ کے وزٹ شیڈول کا حصہ ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلجیم کے درمیان جمہوریت، تکثیریت، باہمی احترام جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ،گہرے دوستانہ مراسم ہیں ۔

گذشتہ چند برسوں کے دوران، ہمارے دو طرفہ سیاسی، اقتصادی ، تجارتی،ثقافتی ، تعلیمی اور عوامی روابط میں اضافہ ہوا ہے، 982 ملین امریکی ڈالر کے تجارتی حجم کے ساتھ بیلجیم یورپی یونین میں پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری دو طرفہ تجارت کا موجودہ حجم 10.883 بلین امریکی ڈالر ہے۔ہمارے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ سے، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور وسعت پذیر ہوں گے۔