وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کاتہران میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ

119

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو تہران میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارتخانے میں تعینات افسران اور عملے نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں قونصلر سیکشن سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے وزیر خارجہ کو سفارت خانے کی کارکردگی، پاسپورٹ اور ویزا اجراء سمیت سفارت خانے کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کی فراہمی پر مفصل بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ نے سفارت خانے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفارت خانے میں تعینات افسران و عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے سفارت کار معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں مثالی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے سفارت کاروں کو پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تجارتی حجم بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔وزیر خارجہ نے "وزٹرز بک” میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔