اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو ازبکستان کے اپنے ہم منصب عبدالعزیز کامیلوف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں وزراء خارجہ کے مابین پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ اور روابط بڑھانے کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات طویل تاریخی، مذہبی اور ثقافتی یکساں اقدار کی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے جولائی 2021 میں وزیر اعظم پاکستان کے تاریخی دورہ ازبکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم، ثقافت، مواصلات، دفاع، سیاحت اور عوام کی سطح پر رابطوں کے اضافہ کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیکسٹائل، زراعت،ماحولیات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، ریل اور سڑک کے ذریعے رابطوں کے ضمن میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت اور خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افغانستان کی اقتصادی اور انسانی امداد کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔