وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا انڈونیشیا کی اپنی ہم منصب ریٹنو ایل پی مرسودی سے ٹیلیفونک رابطہ

61
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو انڈونیشیا کی اپنی ہم منصب ریٹنو ایل پی مرسودی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین ان کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی خیر سگالی کو باہمی مفید تجارتی، اقتصادی و ثقافتی تعلقات کو گہرا کرنے اور عوامی سطح کے تبادلوں کو وسعت دینے کے لئے بروئے کار لانا چاہئے۔

وزیر خارجہ نے امت مسلمہ کے مقاصد کی وکالت کرنے اور اسے آگے بڑھانے میں انڈونیشیا کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں انڈونیشیا کے وزیر خارجہ کی فعال شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کی توثیق کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے جمہوری اقدار کو فروغ دینے اور اسے مستحکم کرنے میں خواتین پارلیمنٹرینز کے کردار پر زور دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔