وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الہجراف کی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کا خیر مقدم

133
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الہجراف کی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کا خیر مقدم

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الہجراف کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کیا اور کہا کہ آپ کی آمد سے،

جی سی سی ممالک کے ساتھ پاکستان کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعلقات مزید وسعت پذیر ہوں گے، پاکستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری معاہدہ ایک تعمیری پیش رفت ہے۔ دفتر خارجہ آمد پرخلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الہجراف نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور جی سی سی کے مابین 2004 سے تشنہ ء تکمیل آزادانہ تجارتی معاہدے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فیٹف کے معاملے پر جی سی سی کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر ممنون ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،

یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے، افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی،

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ سیکرٹری جنرل خلیجی تعاون کونسل نائف الہجراف نے پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔