اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہفتہ کو سری لنکا کے اپنے ہم منصب تلک ماراپانا سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بات چیت کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا خطے میں پاکستان کا اہم ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان خطے میں استحکام کے لئے امن کا خواہاں ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط سے بھی آگاہ کیا۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکا بھی خطے میں امن و امان کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ محاذ آرائی کسی فریق کے مفاد میں نہیں۔ سری لنکا تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔