اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو قزاخستان کے اپنے ہم منصب مختار تلیبردی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان پائیدار اور دیرپا اقتصادی و تجارتی شراکت داری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان پائیدار اور دیرپا اقتصادی و تجارتی شراکت داری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے اور نومبر 2021 میں الماتے میں منعقدہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے آخری اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے مشترکہ مفاد کے تمام امور پر اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں منعقدہ وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم ) کے غیر معمولی اجلاس میں اعلیٰ سطحی قزاخ وفد کی شرکت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قزاخستان کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔