وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ ،چیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات

102

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا اور چیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات کی۔ سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ ، مس فارینہ مظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل بی او آئی ، مکرم جاہ انصاری, ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی، خشی الرحمان، ڈایکٹر جنرل ثریا جمال اور وزارتِ خارجہ کے سینیئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں، اقتصادی سفارت کو بروئے کار لا کر، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مسلسل کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے سفراء، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ پاکستان میں کاروبار کے میسر مواقعوں کی طرف مبذول کروا رہے ہیں۔اس کے علاوہ ہماری اقتصادی سفارت کاری کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کی تکمیل اور معاشی اہداف کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ، سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور ممکنہ معاونت کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، محمد اظفر احسن نے بی او آئی آمد اور وزارت خارجہ کی جانب سے تعاون کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔