بیجنگ ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلہ کے آغاز سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان امن کا داعی ہے اور خطے میں تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ وہ پیر کو دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چائنا انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز (سی آئی آئی ایس ایس) میں چینی سکالرز سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف گہرے دوست ہیں بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات سٹریٹیجک شراکت داری کی بنیاد پر استوار ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرا مرحلہ کے آغاز سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی جارحیت کا جواب پاکستان نے حوصلے اور بردباری سے دیا، پاکستان خطے میں قیام امن کا داعی ہے اور جنوبی ایشیاءمیں اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بھی تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے خطاب کے بعد انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز کا دورہ بھی کیا اور وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔