اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو گنی بساؤ کی اپنی ہم منصب سوزی کارلا باربوسا، کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور گنی بساؤ کے مابین خوشگوار اور باہمی تعاون پر مبنی دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، انگیج افریقہ پالیسی کے تحت گنی بساؤ سمیت تمام افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور گنی بساؤ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور گنی بساؤ کے درمیان سیاسی، دفاعی اور تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر دو طرفہ روابط اور تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔