اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیو یارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے، تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کیلئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی وزیر خارجہ کے جولائی 2021 میں کیے گئے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک مستحکم اور پر امن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے ناگزیر ہے۔
افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی و معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو افغان شہریوں کی معاونت کیلئے فوری اقدام اٹھانا ہوں گے،اگرافغانستان میں صورتحال خراب ہوئی تو اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔