اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر مصر کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے دوبارہ صدر منتخب ہو نے اور مصر کو افریقن یونین کی چیرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی اور مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے مصر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مصر کے ساتھ ڈی۔ ایٹ، اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت بہت سے بین الاقوامی فورمز پر مل کر کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، امید ہے وہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے۔ مصرکے وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اوردیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور مصرکے قریبی تعاون کی بھی تعریف کی۔ مصری وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ¿ مصر کی دعوت دی۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں اوردو طرفہ تعاون کے فروغ کےلئے پاکستان اور مصر کے مابین اگلے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس، عنقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔