اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر بدھ کو ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ولادی میرنوروف سے غیر رسمی ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے ایس او کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس، بہترین انتظامات اور میزبانی پر سیکرٹری جنرل ایس سی او کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں اس کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
سیکرٹری جنرل نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، علاقائی روابط کے فروغ کیلئے ایس سی او کو ایک اہم فورم سمجھتا ہے۔وزیر خارجہ نے ایس سی او کو متحرک اور مزید فعال بنانے میں سیکرٹری جنرل ولادیمیر نوروف کے کردار کو سراہا۔