اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کیچ بلوچستان میں فوجی چوکی پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز پر حملے میں جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کی جرات اور بہادری کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر، جام شہادت نوش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے،دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر خارجہ نے شہداء کے لواحقین اور اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔