جدہ ۔ 30 مئی (اے پی پی) سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق جمعرات کو جدہ میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کثیر الجہتی ہیں کیونکہ یہ حکومت سے حکومت، عوام سے عوام اور دل سے دل تک ہیں، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں کھل کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکی نے کھل کر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔ بہت سے بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے نقظہ ء نظر اور سوچ میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ 15 جولائی 2016ء کو ترکی پر آمریت کے ناکام حملے کے بعد پاکستان نے سب سے پہلے ترکی کی حکومت اور صدر رجب طیب اردوان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کا فتح اللہ گولن کی تنظیم کو دہشت گرد قرار دینا قابل تحسین ہے۔ فریقین نے پاکستان اور ترکی دوطرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2005 ء کا زلزلہ ہو یا 2010ء کا سیلاب، ترکی ہمیشہ بھائیوں کی طرح پاکستان کی معاونت کو پہنچا۔