وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت "اقتصادی سفارت کاری” کے حوالے سے ورچوئل اجلاس کا انعقاد

141

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت "اقتصادی سفارت کاری” کے حوالے سے ورچوئل اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اقتصادی سفارت کاری ورچوئل اجلاس میں سویڈن، یوکرائن، یو-کے،سویٹزرلینڈ ،ھیگ اور سربیا میں تعینات پاکستانی سفراء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

ورچوئل اجلاس میں شریک سفراء نے اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کے حوالے سفارت خانوں کی جانب سے کی گئی کاوشوں اور حاصل ہونیوالے نتائج سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کے تحت ہمارا مقصد، تجارت ،سرمایہ کاری سیاحت ترسیلات زر، اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اقتصادی ترجیحات کے پیش نظر ہمیں دنیا بھر میں تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نئے مواقع تلاش کرنا ہونگے – یہ صرف اسی صورت ممکن ہو گا جب ہم "اقتصادی سفارت کاری کو موثر انداز میں بروئے کار لائیں گے –