اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد فارن سروس آف پاکستان کیلئے منتخب ہونے والی طالبہ رابیل کینیڈی کو فون کیا۔ وزیر خارجہ نے سی ایس ایس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے اور فارن سروس کیلئے منتخب ہونے پر رابیل کینیڈی کو مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ رابیل کینیڈی جیسی بیٹیوں کا اپنی محنت اور لگن سے مقابلے کا امتحان پاس کرنا اور میرٹ پر فارن سروس کیلئے منتخب ہونا دوسری بچیوں کیلئے بھی مشعل راہ ہے۔ وزیر خارجہ نے رابیل کینیڈی کے والد جان کینیڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس طرح اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت پر توجہ دی وہ قابلِ فخر ہے۔ واضح رہے کہ جان کینیڈی کرسچین کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور ایف بی آر میں بطور ڈرائیور تعینات ہیں۔